ٹرمپ انتظامیہ کا خاموشی کے ساتھ پاکستانی افسران سے قطع تعلق


واشنگٹن(نیوز ڈیسک ) پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام (آئی ایم ای ٹی) کے تحت اس سال 66 پاکستانی افسران کو تربیت فراہم کرنا تھیں اور اب ان مواقع کو ختم کیا جا رہا ہے،ٹرمپ انتظامیہ نے خاموشی کے ساتھ پاکستانی افسران سے قطع تعلق کرتے ہوئے ایسے متعدد باہمی تربیتی اور

تعلیمی منصوبوں کو ختم کردیا جو گزشتہ ایک دہائی سے بھی زائد عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عسکری تعلقات کی بنیاد تھے۔امریکی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کا قدم پہلے کبھی نہیں اٹھایا گیا تاہم اسے اس سال صدر ٹرمپ کے ان اقدامات کے تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے مزید شدت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن نہ کرنے پر امریکی سیکیورٹی مدد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔اگرچہ پاک فوج اور پینٹاگون نے براہِ راست اس پر کوئی رائے نہیں دی لیکن دونوں ممالک کے افسران نے ذاتی سطح پر اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق یہ پریشان کن فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے شدید نقصان دہ ہے۔ پاکستانی افسران نے اس فیصلے پر خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی عسکری لیڈرشپ کی تربیت کے لیے چین اور روس سے رجوع کر سکتا ہے۔دوسری جانب امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ۔ یہ مواقع یا تو استعمال نہیں ہوں گے یا کسی اور ملک کو فراہم کر دیئے جائیں گے۔پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے سابق نمائندہ خصوصی ڈین فیلڈ مین نے اس قدم کو ’ بہت تنگ نظری‘ قرار دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مستقبل پر منفی اثرات کی وجہ کہا ہے۔



اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں